کنداپور 2 / ستمبر (ایس او نیوز) کل شام ایک اجنبی شخص کی طرف سے چاقو گھو زنی کی وجہ سے زخمی ہونے والے بنس راگھو عرف راگھویندرا شیریگار (42 سال) نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج صبح منی پال کے اسپتال میں دم توڑ دیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ کرویکیری کا رہنے والا راگھویندرا کل شام کے وقت اپنی ہونڈا سٹی کار میں جب پوسٹ آفس کے پاس واقع نیو دہلی بازار کے قریب پہنچا تو ایک اور شخص ویگن آر کار میں وہاں پہنچا اور دونوں کے درمیان کچھ زبانی تکرار ہوئی جس کے بعد اجنبی شخص نے راگھویندرا کی ران میں چاقو گھونپ دیا اور موقع پر سے فرار ہوگیا ۔ شدید زخمی حالت میں راگھویندرا کو اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا ۔
معلوم ہوا ہے کہ جب اجنبی شخص راگھویندرا کو چاقو گھونپ رہا تھا اس وقت وہاں پر موجود ایک عینی شاہد نے اس شخص اور اس کی کار کی تصویر اتاری تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے چاقو گھونپنے والے شخص کی شناخت تیرتھلّی کے رہنے والے شفیع کے طور پر کی ہے ۔ جو پچھلے کچھ دنوں سے شفیع کنداپور کی لاڈج میں رکا ہوا تھا اور اب وہ اس واردات کے بعد فرار ہوگیا ہے ۔
سمجھا جاتا ہے کہ راگھویندرا اور شفیع کے درمیان کسی قسم کے مالی لین دین کا تنازعہ چاقو زنی کی اس واردات کا سبب ہے ۔ کنداپور پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔ مزید تحقیقات اور مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے ۔